غزہ میں حماس کے اہم اہلکاروں کی ہلاکت کا اسرائیلی دعویٰ
حماس کے جنرل سکیورٹی آپریٹس کے نائب سربراہ حسن رباح حسن لباد مارے گئے
اسرائیلی فوج نے غزہ میں رات گئے کیے جانے والے حملوں کے دوران حماس کی ’جنرل سکیورٹی سروس‘ کے کئی سینیئر ارکان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج اور ملک کے داخلی سلامتی کے ادارے شن بیٹ کے مشترکہ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کارروائیوں میں حماس کے جنرل سکیورٹی آپریٹس کے نائب سربراہ حسن رباح حسن لباد مارے گئے۔
بیان کے مطابق اس کے علاوہ اس یونٹ کے تین دیگر اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔ حماس نے تاحال ان دعووں پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔
اسرائیل کے مطابق یہ سروس حماس کے اندر ایک خفیہ یونٹ ہے جو گروپ کی قیادت کی حفاظت اور معاونت کی ذمہ دار ہے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اس یونٹ کے فرائض میں حماس کے رہنماؤں کے درمیان رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھنا، ان کی حفاظت کرنا، انھیں ہنگامی مراکز تک منتقل کرنا، معلومات اکٹھی کرنا اور انٹیلی جنس جائزے فراہم کرنا شامل ہے۔