غزہ : شادی کی تقریب پر اسرائیلی ڈرون حملہ، خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد شہید، 15 زخمی
دو میزائل اچانک خیمے کے اندر آ کر دھماکے سے پھٹ گئے، چند ہی منٹوں میں ہنستا کھیلتا ماحول خون آلود منظر میں تبدیل ہو گیا۔
فائل فوٹو
غزہ شہر : غزہ شہر میں ایک بار پھر خوشیاں ماتم میں بدل گئیں۔ ایک بے گھر افراد کے کیمپ کے قریب واقع شادی کی تقریب پر اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 7 فلسطینی شہید اور ایک درجن سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب غزہ شہر میں ایک شادی کی تقریب جاری تھی اور خیمہ مہمانوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ اسرائیلی ڈرون سے داغے گئے دو میزائل اچانک خیمے کے اندر آ کر دھماکے سے پھٹ گئے، جس سے چند ہی منٹوں میں ہنستا کھیلتا ماحول خون آلود منظر میں تبدیل ہو گیا۔
عینی شاہدین اور رشتہ داروں کے مطابق، دھماکے اتنے شدید تھے کہ میزائلوں کے ٹکڑے انتہائی تیز رفتاری سے اڑتے ہوئے قریبی اسکول تک جا پہنچے، جہاں جنگ سے بے گھر ہونے والے سینکڑوں خاندانوں نے پناہ لے رکھی تھی۔
اب تک 7 افراد کی شہادت کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں معصوم بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ تقریباً 15 افراد شدید زخمی ہیں، جنہیں فوری طور پر الشفا ہسپتال اور غزہ شہر کے مرکز میں قائم فیلڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
الشفا ہسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا شدید خدشہ ہے۔