ایران نے آبنائے ہر مز سے امریکی مال بردار جہاز قبضے میں لے لیا

ایک امریکی جہاز کو تحویل میں لیا گیا تو باقی تین جہاز واپس مڑ گئے، ایرانی میڈیا

فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران: پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز میں ایک امریکی کمپنی سے منسلک کارگو جہاز کو تحویل میں لے لیا ہے۔

ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق مذکورہ کارگو جہاز کو سمندری ٹرانزٹ قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزی کے الزام میں روکا گیا۔

پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی فوج کی نگرانی میں 4 تجارتی جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے جن میں سے ایک کو روک لیا گیا۔

ایرانی میڈیا نے پاسداران انقلاب کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ جن ایک امریکی جہاز کو تحویل میں لیا گیا تو باقی تین جہاز واپس مڑ گئے۔

ایرانی میڈیا نے واقعے کی مبینہ ویڈیو فوٹیج بھی نشر کی ہے جس میں تیز رفتار ایرانی کشتیوں کو ایک بڑے تجارتی جہاز کے گرد گشت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

تاہم جہاز کی ملکیت، پرچم اور کارگو کی نوعیت سے متعلق مکمل تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔

اس واقعے پر اب تک امریکی حکومت یا امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا گیا۔ آزاد ذرائع سے بھی فوری طور پر اس دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔