فلپائن کے قریب زلزلہ۔ ایشیا بھر میں سونامی وارننگ جاری
7.8 شدت کے زلزلے کے بعد ساحلی علاقوں میں خطرناک لہروں کا خدشہ
فلپائن کے قریب آنے والے ایک شدید زلزلے کے بعد ایشیا بھر میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 7.8 شدت کا زلزلہ فلپائن کے جزیرے منڈاناؤ کے قریب مقامی وقت کے مطابق صبح 7:40 بجے سے کچھ پہلے آیا۔
پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ فلپائن کے ساحلی علاقوں میں 3 میٹر تک بلند سونامی لہریں ٹکرا سکتی ہیں، جبکہ انڈونیشیا اور ملائیشیا کے بعض حصوں میں ایک میٹر تک لہروں کا امکان ہے۔
امریکی نیشنل سونامی وارننگ سینٹر نے ابتدائی طور پر زلزلے کی شدت 8.2 بتائی تھی تاہم بعد میں اسے کم کر دیا گیا اور کہا کہ یہ زلزلہ امریکہ کے ساحلی علاقوں کے لیے خطرہ نہیں ہے۔
انڈونیشیا، فلپائن اور جاپان کے حکام نے ممکنہ خطرناک لہروں کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے ساحلی علاقوں کے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
فلپائن انسٹیٹیوٹ آف وولکینولوجی اینڈ سیسمولوجی نے کہا ہے کہ نو صوبوں کے ساحلی علاقوں—جن میں سرانگانی، ڈاواؤ آکسیڈینٹل، تاوی تاوی اور سولو شامل ہیں—کے رہائشی فوری طور پر بلند اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
ادارے نے مزید ہدایت دی کہ بندرگاہوں، دریا کے دہانوں اور کم گہرے ساحلی علاقوں میں موجود کشتیوں کے مالکان اپنی کشتیاں محفوظ کریں اور ساحل سے دور ہو جائیں، جبکہ سمندر میں موجود کشتیاں گہرے پانی میں ہی رہیں جب تک مزید ہدایات جاری نہ ہوں۔