ایرانی فوج کا اسرائیل کے خلاف حملے روکنے کا اعلان

اگر جنوبی لبنان اور ایران کے خلاف حملے جاری رہے تو ایران پہلے سے زیادہ شدید اور طاقتور جواب دے گا ،اعلیٰ عسکری کمان

فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران: ایران کی اعلیٰ عسکری کمان خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلح افواج کی کارروائیوں کے خاتمے کا اعلان کیا جا رہا ہے۔

خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایرانی مسلح افواج نے جنوبی لبنان اور بیروت کے جنوبی علاقے الضاحیہ پر اسرائیلی حملوں اور مبینہ جارحیت کا جواب دے دیا ہے، جس کے بعد فوجی کارروائیاں روک دی گئی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل اور اس کے حامیوں کو اس جواب سے سبق سیکھنا چاہیے، تاہم اگر جارحیت اور اشتعال انگیز کارروائیاں جاری رہیں تو پہلے سے زیادہ شدید اور تباہ کن اقدامات کیے جائیں گے۔

ایران نے گذشتہ روز جنوبی بیروت پر اسرائیلی حملے کے جواب میں اپنی کارروائیاں شروع کی تھیں۔ اسرائیل نے اس کے جواب میں ایران پر حملہ کیا تھا۔

سینیئر ایرانی سیاسی اور فوجی عہدیداروں نے گذشتہ شام خبردار کیا تھا کہ ایران ان اقدامات کے جواب میں فوجی کارروائی کرے گا جنھیں انھوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں قرار دیا تھا۔

ایران کا موقف رہا ہے کہ وہ لبنان میں جنگ بندی کو ایران کے ساتھ امریکی و اسرائیلی جنگ بندی کا حصہ سمجھتا ہے۔