ایران نے نہ میدانِ جنگ چھوڑا ہے نہ مذاکرات کی میز: صدر مسعود پزشکیان
تہران کی اولین ترجیح ملکی سلامتی اور عوام کا امن و سکون ہے، سوشل میڈیا پر بیان
فائل فوٹو
تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے واضح کیا ہے کہ تہران کی اولین ترجیح ملکی سلامتی اور عوام کا امن و سکون ہے، اور ایران نے دفاع اور سفارت کاری میں سے کسی بھی راستے کو ترک نہیں کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے ایک بیان میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ہم پوری طاقت اور اختیار کے ساتھ اپنے ملک اور قوم کے حقوق کا دفاع کریں گے اور کسی بھی قسم کی دھمکی کے سامنے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ایرانی صدر نے سفارت کاری اور قومی دفاع کے توازن پر زور دیتے ہوئے لکھا سفارت کاری اور دفاع قومی طاقت کے دو پروبال (پنکھ) ہیں۔ ہم نے نہ تو میدانِ جنگ کو چھوڑا ہے اور نہ ہی مذاکرات کی میز سے دوری اختیار کی ہے۔
صدر مسعود پزشکیان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال انتہائی حساس ہے اور ایران کی خارجہ و دفاعی پالیسی پر دنیا کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔