ٹرمپ کا نیتن یاہو سے ٹیلیفونک رابطہ ، فوری جنگ بندی پر گفتگو
ٹرمپ کی ’فوری جنگ بندی‘ کی پوسٹ کا پسِ منظر؛ نیتن یاہو سے اہم گفتگو سامنے آگئی
ٹرمپ اور نیتن یاہو
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں خطے کی حالیہ کشیدگی اور امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ نے ایک اسرائیلی اہلکار کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ یہ ٹیلیفونک گفتگو امریکی صدر کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اس بیان سے قبل ہوئی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیل اور ایران دونوں فوری جنگ بندی کے خواہش مند ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس رابطے کے فوراً بعد صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر لکھا کہ اسرائیل اور ایران دونوں اس وقت ایک فوری سیز فائر (جنگ بندی) کی راہ تلاش کر رہے ہیں اور حتمی امن مذاکرات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، بشرطیکہ کوئی نادانی یا حماقت اس میں رکاوٹ نہ بنے۔ مبصرین اس ٹیلیفونک رابطے کو خطے میں جاری سفارتی کوششوں اور جنگ بندی کے معاہدے کو بچانے کے لیے انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں۔