پاکستان کے ذریعے ایران، امریکہ رابطے جاری۔ معاہدہ تاحال نہ ہوسکا
ایرانی سفیر کا کہنا ہے کہ حتمی مسودے پر اتفاق کے لیے تجاویز کا تبادلہ جاری
اقوامِ متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے پاکستان کے ذریعے سفارتی رابطے اور مشاورت کا عمل جاری ہے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے افغانستان سے متعلق اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر سعید ایروانی نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف تجاویز اور آرا کا تبادلہ کیا جا رہا ہے تاکہ کسی متفقہ مسودے تک پہنچا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے نمائندے پاکستان کے ذریعے ایک دوسرے تک اپنے مؤقف اور تجاویز پہنچا رہے ہیں، تاہم ابھی تک کسی حتمی مسودے پر اتفاق نہیں ہو سکا۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ معاہدے کے حوالے سے مذاکراتی عمل بدستور جاری ہے اور دونوں فریق قابلِ قبول حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔