امریکہ نے ایران کے اثاثے ضبط کرکے معاشی جارحیت کی۔ اسماعیل بقائی
ایرانی ترجمان نے امریکی اقدام پر شیکسپیئر کے ’’میکبتھ‘‘ کا حوالہ دے دیا
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکہ کی جانب سے ایران کے اثاثے ضبط کیے جانے پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے واشنگٹن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ ایران سے تعلق رکھنے والے اثاثوں کی ضبطی پر فخر کا اظہار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ایرانی ترجمان نے کہا کہ کسی ملک کے اثاثوں کی ضبطی بین الاقوامی اصولوں اور خودمختاری کے احترام کے منافی عمل ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں معروف انگریز ڈرامہ نگار ولیم شیکسپیئر کے شہرۂ آفاق ڈرامے ’’میکبتھ‘‘ کا اقتباس بھی نقل کیا، جس کے ذریعے انہوں نے امریکہ کی پالیسیوں پر تنقیدی تبصرہ کیا۔
بقائی کے بیان کو ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان مالیاتی پابندیوں اور منجمد اثاثوں کا معاملہ ایک اہم تنازع بنا ہوا ہے۔