آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نماز جنازہ اور تدفین عاشورہ محرم کے بعد متوقع
آیت اللہ علی خامنہ ای فروری 2026 میں تہران میں ہونے والے حملے میں جاں بحق ہوئے تھے
تہران: ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نماز جنازہ اور تدفین عاشورہ محرم کے بعد متوقع ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی تاریخ اور وقت کا باضابطہ اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ متعلقہ حکام تدفین اور نماز جنازہ کے انتظامات کو حتمی شکل دے رہے ہیں، جبکہ سرکاری سطح پر تفصیلی شیڈول جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای فروری 2026 میں تہران میں ہونے والے حملے میں جاں بحق ہوئے تھے، جس کی تصدیق بعد ازاں ایرانی سرکاری ذرائع نے بھی کی تھی۔ ان کی وفات کے بعد ایران میں سوگ کا اعلان کیا گیا اور قیادت کی منتقلی کا عمل شروع ہوا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کے انتقال کے بعد آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا رہبرِ اعلیٰ مقرر کیا گیا۔ مختلف بین الاقوامی ذرائع نے بھی ایران میں قیادت کی تبدیلی اور نئے سیاسی مرحلے کی نشاندہی کی ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے حالیہ انٹرویو میں حملے کے روز کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اس وقت اس عمارت میں موجود تھے جسے نشانہ بنایا گیا تھا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کی تدفین اور اس سے متعلق تقریبات نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں، جبکہ سرکاری اعلان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔