ایران کے امریکی اڈوں پر میزائل حملوں کی ویڈیو منظر عام پرآ گئی
حالیہ کارروائی میں خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ایران کی جانب سے امریکی اڈوں پر مبینہ میزائل حملوں کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
ایرانی میڈیا اور سرکاری ذرائع کے مطابق حالیہ کارروائی امریکا کی جانب سے کیے گئے حملوں کے جواب میں کی گئی، جس میں خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ایرانی فوجی کمان “خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز” کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی جنوبی ایران پر مبینہ امریکی اقدامات کے ردعمل میں انجام دی گئی۔ بیان کے مطابق بعض امریکی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیوز میں مختلف میزائل سسٹمز کو فائر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جن میں قدر، عماد اور خیبر شکن میزائلوں کا ذکر کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دعویٰ کیا گیا ہے کہ بحرین اور اردن میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو بھی میزائل حملوں کا نشانہ بنایا گیا، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
خطے میں حالیہ پیش رفت کے بعد مشرق وسطیٰ کی صورتحال ایک بار پھر انتہائی حساس ہو گئی ہے، جبکہ عالمی سطح پر فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔