ایران نے 3 ارب ڈالر اثاثوں کی منتقلی کی خبروں کو مسترد کر دیا

منجمد اثاثوں کی کسی بھی قسم کی منتقلی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں

June 10, 2026 · بام دنیا

ایران نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 3 ارب ڈالر کے منجمد ایرانی اثاثے ابوظبی سے تہران منتقل کیے گئے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا میں سامنے آنے والے ان دعوؤں کے مطابق مبینہ طور پر خطے میں موجود ایرانی فنڈز کی منتقلی کا ذکر کیا گیا تھا، تاہم ایرانی وزارت خارجہ نے ان رپورٹس کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ منجمد اثاثوں کی کسی بھی قسم کی منتقلی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے مطابق ایسی رپورٹس بعض فریقین کی جانب سے چلائی جانے والی میڈیا اور پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ مالی معاملات اور منجمد اثاثوں سے متعلق پھیلائی جانے والی غیر مصدقہ خبریں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہیں۔

تاحال دیگر آزاد ذرائع نے بھی ان دعوؤں کی تصدیق نہیں کی ہے، جبکہ معاملے پر مختلف حلقوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔