جنگ بندی ترجیح ،ایران اور امریکہ برابری کی بنیاد پر مذاکرات کریں:چین

اقوام متحدہ میں چین نے جنگ بندی، سفارت کاری اور کشیدگی میں کمی پر زور دیا

June 10, 2026 · بام دنیا

فائل فوٹو

اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندے سن لی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ میں جنگ بندی کو برقرار رکھنا بڑی ترجیح ہونی چاہیے اور فریقین طاقت کے بجائے برابری کی بنیاد پر بات چیت کریں۔

اپنے بیان میں سن لی نے کہا کہ مذاکرات کے دوران ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں نے سفارتی کوششوں کو شدید نقصان پہنچایا۔ ان کے مطابق ایرانی جوہری مسئلے پر طاقت کے استعمال یا جنگ کی دھمکیاں صورتحال کو مزید خطرناک بنا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے اور عالمی برادری کو سفارتی حل کے لیے مثبت ماحول پیدا کرنا چاہیے۔سن لی کا مزید کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کو ایران پر پابندیاں لگانے کے بجائے تنازع کے حل کے لیے تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔

دوسری جانب چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لن جیان نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ فریقین حالات کو مزید بگاڑنے سے گریز کریں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان گزشتہ تین ماہ سے جاری تنازع نے خلیجی ممالک اور پورے مشرقِ وسطیٰ کے خطے کو شدید متاثر کیا ہے۔

لن جیان کے مطابق حقائق سے ثابت ہو چکا ہے کہ فوجی ذرائع مسائل کا حل نہیں ہوتے اور طاقت کا بے جا استعمال صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، ایسے وقت میں کسی بھی فریق کو فوجی تنازع کو دوبارہ بھڑکانے سے گریز کرنا چاہیے۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے زور دیا کہ خطے کے ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا احترام اور تحفظ یقینی بنایا جائے۔