آبنائے ہرمز پر ایران کا نہیں، امریکا کا کنٹرول ہے، ٹرمپ کا دعویٰ
پچھلے کچھ عرصے میں 200 سے زائد تجارتی بحری جہاز آبنائے ہرمز سے محفوظ طریقے سے گزر چکے ہیں، سوشل میڈیا پر بیان
فائل فوٹو
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے امریکی فوج کو مشرقِ وسطیٰ کی اہم ترین بحری گزرگاہ “آبنائے ہرمز” میں تجارتی جہازوں کی حفاظت کے لیے ایک ‘خفیہ مشن’ شروع کرنے کی ہدایت کی تھی، جس کے نتیجے میں 10 کروڑ (100 ملین) بیرل سے زائد خام تیل بحفاظت اپنی منزل کی طرف روانہ ہو چکا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ پچھلے کچھ عرصے میں 200 سے زائد تجارتی بحری جہاز آبنائے ہرمز سے محفوظ طریقے سے گزر چکے ہیں۔
انہوں نے تہران کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی کامیاب کوشش صرف اس لیے ممکن ہو سکی کیونکہ آبنائے ہرمز پر اب ایران کا نہیں بلکہ ریاستہائے متحدہ امریکا کا کنٹرول ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق انہوں نے امریکی فوج کو آئل ٹینکرز اور دیگر تجارتی جہازوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ایک خفیہ آپریشن کا حکم دیا تھا۔
دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس مشن کے باعث 100 ملین بیرل سے زائد تیل عالمی مارکیٹ میں پہنچ رہا ہے۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ خطے میں اب ایران کا اثر و رسوخ ختم ہو چکا ہے اور اس اہم ترین اسٹریٹجک آبی راستے پر اب صرف امریکا کا حکم چلتا ہے۔