سعودی عرب کا بڑا فیصلہ، لبنان سے برآمدات پر پابندی ختم

دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور سفارتی تعلقات میں بہتری کی نئی امید پیدا ہوئی ہے۔

June 11, 2026 · بام دنیا

سعودی عرب نے لبنان کے ساتھ تجارتی تعلقات میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے پانچ سال بعد لبنانی برآمدات پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے لبنان سے برآمدات کی بحالی کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور سفارتی تعلقات میں بہتری کی نئی امید پیدا ہوئی ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ لبنانی صدر جوزف عون کی جانب سے پابندیاں ختم کرنے کی درخواست کے بعد سامنے آیا، جبکہ سعودی ولی عہد نے یہ مؤقف لبنانی وزیراعظم نواف سلام کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران بھی واضح کیا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گفتگو میں محمد بن سلمان نے لبنان کے استحکام، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے سعودی عرب کی حمایت کا اعادہ کیا اور لبنانی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ لبنان اپنی سرزمین کو کسی بھی ایسے غیر قانونی یا نقصان دہ سرگرمی کے لیے استعمال ہونے سے روکے گا جو برادر ممالک کے خلاف ہو۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2021 میں لبنان سے پھلوں اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی عائد کی تھی، جب منشیات اسمگلنگ کے بعض واقعات سامنے آئے تھے۔ حالیہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان برسوں سے جاری کشیدگی میں کمی اور تعلقات کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔