پنجاب کے ٹرانسپورٹ اڈوں،ریلوے سٹیشنز پر ٹھنڈا پانی،پنکھےاورائرکولر لگانے کی ہدایت
ہیٹ ویو کے پیش نظر عوام کو ٹھنڈا پانی، سائے اور سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت
فائل فوٹو
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر عوام کے لیے ٹھنڈے پانی کا انتظام کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ہر شہر کے چوک چوراہوں میں سائے اور شیڈز کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے ویگن اسٹینڈز، بس ٹرمینلز اور ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کے لیے ٹھنڈے پانی، پنکھوں اور کولرز کی تنصیب کا بھی حکم دیا ہے۔
مریم نواز شریف نے سخت گرمی کے پیش نظر سرکاری دفاتر میں آنے والے شہریوں کو ٹھنڈا پانی پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شدید گرمی اور لو کے باعث بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے گریز کریں۔ انہوں نے خواتین، بزرگوں اور بچوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اسکول سمر کیمپوں میں طلبہ اور اساتذہ کے لیے ٹھنڈے پانی، پنکھوں اور ایئر کولرز کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹریفک پولیس کو بھی ہدایت کی ہے کہ چلچلاتی دھوپ میں موٹر سائیکل سواروں کو بلا ضرورت نہ روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر موٹر سائیکل پر فیملی یا بچے سوار ہوں تو انہیں دھوپ میں روکنے سے گریز کیا جائے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ گرم ترین موسم کی شدت اور حدت کا مقابلہ کرنے کے لیے بچاؤ اور احتیاط ہی مؤثر تدابیر ہیں۔