ہم ہر بیماری میں نمبر ون بننے جارہے ہیں: وفاقی وزیر صحت
ملک میں کوئی وبا نہیں پھوٹی لیکن ہسپتالوں میں وبائی مرض کی صورتحال ہے،پریس کانفرنس
فائل فوٹو
اسلام آباد :وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ’’ہم ہر بیماری میں نمبر ون بننے جارہے ہیں‘‘ اور ہیلتھ کیئر کو نیشنل سیکیورٹی ایشو قرار دیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کو نئی ٹیکنالوجی اور جدید رپورٹس کو ترجیح دینا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر نیشنل سیکیورٹی ایشو ہے، ملک میں کوئی وبا نہیں پھوٹی ہوئی لیکن ہسپتالوں میں وبائی مرض کی صورتحال ہے، اور ہمارا نظام بیماری کا نظام بن چکا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق سالانہ ان بیماریوں پر 200 سے 300 ارب روپے خرچ ہوتے ہیں، اور لوگ مہنگے ٹیسٹ باہر سے کروانے پر مجبور ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان نیوکلئیر پاور ہے اس لیے ہمارے پاس مضبوط لیبز ہونی چاہئیں، تاہم بجٹ میں کٹوتی کے باوجود وہ ہار نہیں مانیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو ہیلتھ کیئر کی طرف لے جانا ہے، شادی سے قبل سکریننگ کو فروغ دیا جائے گا اور تھیلیسیمیا ٹیسٹ کو لازمی قرار دینے کی تیاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان 2030 تک دنیا کی چوتھی بڑی آبادی بننے جا رہا ہے، جبکہ معاشی مسائل اور برین ڈرین ایک بڑا چیلنج ہیں۔