پاکستان میں تیار کردہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس فٹبال کے چرچے
جدید سینسرز نصب کیے گئے ہیں جو کھیل کے دوران گیند کی ہر حرکت، رفتار، مقام اور کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے کو حقیقی وقت میں ریکارڈ کرتے ہیں۔
فیفا ورلڈکپ 2026 میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی سے لیس آفیشل میچ فٹبال توجہ کا مرکز بن گئی ہے، جسے پاکستان میں تیار کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فٹبال میں جدید سینسرز نصب کیے گئے ہیں جو کھیل کے دوران گیند کی ہر حرکت، رفتار، مقام اور کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے کو حقیقی وقت میں ریکارڈ کرتے ہیں۔
اس نظام کو اسٹیڈیم میں نصب درجنوں ہائی ٹیک کیمروں سے منسلک کیا گیا ہے، جو فی سیکنڈ متعدد بار ڈیٹا اکٹھا کرکے ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (VAR) کو فراہم کرتے ہیں۔ اس سے آف سائیڈ اور گول لائن فیصلوں میں مزید درستگی آنے کی توقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس بار سینسر کو گیند کے اندر زیادہ محفوظ اور جدید طریقے سے نصب کیا گیا ہے، جبکہ اس کا وزن اور بیلنس پہلے جیسا ہی رکھا گیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو کھیل کے دوران کوئی فرق محسوس نہ ہو۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی فٹبال میں فیصلوں کی درستگی کو نئی سطح تک لے جائے گی اور متنازع فیصلوں میں نمایاں کمی آئے گی۔
یہ فٹبال جرمن کمپنی کے ڈیزائن کے مطابق پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں قائم ایک مقامی کمپنی تیار کر رہی ہے۔ اسے “ٹرائی اونڈا” کا نام دیا گیا ہے، جو تین لہروں کے تصور پر مبنی ہے۔
گیند کے ڈیزائن میں سرخ، نیلا اور سبز رنگ شامل ہیں، جبکہ اس پر میزبان ممالک کی علامتیں بھی نمایاں کی گئی ہیں، جن میں کینیڈا کے میپل لیف، میکسیکو کے عقاب اور امریکا کے ستارے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی کمپنی اس سے قبل بھی 2014، 2018 اور 2022 کے فیفا ورلڈکپ کے لیے فٹبالز تیار کر چکی ہے۔