متنازع جھنڈے یا نعرے بازی برداشت نہیں، ایران نے میچ روکنے کا عندیہ دے دیا

فیفا کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ایران کے میچز کے دوران سیکیورٹی اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے گا

June 12, 2026 · اسپورٹس

 فیفا ورلڈ کپ 2026 سے قبل ایران نے امریکا میں ہونے والے اپنے میچز کے حوالے سے ایک نئی شرط سامنے رکھ دی ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اگر میچز کے دوران اشتعال انگیز نعرے بازی یا متنازع جھنڈوں کی نمائش کی گئی تو مقابلہ عارضی طور پر روکنے کا مطالبہ کیا جا سکتا ہے۔

ایران کے وزیر کھیل احمد دنیا مالی کے مطابق اس معاملے پر فیفا کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیفا کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ایران کے میچز کے دوران سیکیورٹی اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

یاد رہے کہ رواں سال وینکوور میں منعقد ہونے والی فیفا کانگریس کے موقع پر بعض مظاہرین نے ایران کی ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر رکھنے کا مطالبہ کیا تھا۔ مظاہرین کا مؤقف تھا کہ قومی ٹیم ایرانی عوام کے بجائے حکومتی اداروں کی نمائندگی کرتی ہے۔

دوسری جانب ایرانی شائقین کو بھی مشکلات کا سامنا رہا ہے اور اطلاعات کے مطابق ان کے لیے مختص بعض ٹکٹیں واپس لے لی گئی تھیں۔ ایران کی ٹیم اس وقت میکسیکو کے شہر تیخوانا میں تیاریوں میں مصروف ہے اور میچز سے قبل امریکا میں داخل ہوگی۔ ہر میچ کے بعد ٹیم دوبارہ میکسیکو واپس چلی جائے گی۔

گروپ جی میں شامل ایران اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف کرے گا۔ اس کے بعد اسی میدان میں بیلجیم سے مقابلہ ہوگا، جبکہ 26 جون کو سیاٹل میں مصر کے خلاف میچ کھیلا جائے گا۔