ایس ایس پی کائنات اظہراسلام آبادکی پہلی خاتون چیف ٹریفک آفیسرمقرر

ٹریفک مینجمنٹ اور اصلاحات کی قیادت نئی CTO کے سپرد

فائل فوٹو

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایس ایس پی  کائنات اظہر کو اسلام آباد کی پہلی خاتون چیف ٹریفک آفیسر (CTO) مقرر کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق کائنات اظہر کو وفاقی دارالحکومت کے ٹریفک پولیس نظام کی قیادت سونپی گئی ہے، جہاں وہ ٹریفک مینجمنٹ، عوامی خدمات کی بہتری اور شہریوں کے ساتھ مؤثر رابطوں کے فروغ کے لیے اصلاحات متعارف کرائیں گی۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تقرری اسلام آباد پولیس کو مزید عوام دوست اور خدمت پر مبنی ادارہ بنانے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔ نئی سی ٹی او کو ٹریفک نظام کو مزید مؤثر بنانے اور ٹریفک اہلکاروں کے پیشہ ورانہ، شائستہ اور ذمہ دارانہ رویے کو یقینی بنانے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔

حکام کے مطابق یہ فیصلہ قانون نافذ کرنے والے اداروں میں خواتین کو اہم قیادتی عہدوں پر فائز کرنے اور ان کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

کائنات اظہر اس سے قبل ملتان میں ایس ایس پی آپریشنز سمیت پولیس کے مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکی ہیں اور انہیں ایک تجربہ کار اور قابل پولیس افسر کے طور پر جانا جاتا ہے۔