ملک بھر میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری
موجودہ موسمی صورتحال ادارہ ہذا کی جانب سے 3 سے 4 ماہ قبل جاری کیے گئے موسمی جائزے کے عین مطابق ہے،این ڈی ایم اے
فائل فوٹو
اسلام آباد : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال ادارہ ہذا کی جانب سے 3 سے 4 ماہ قبل جاری کیے گئے موسمی جائزے کے عین مطابق ہے، جس کی روشنی میں تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہی اور بروقت تیاری یقینی بنانے میں مدد مل رہی ہے۔
پنجاب: اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، سرگودھا، ساہیوال، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، حافظ آباد، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ، ملتان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور اور حاصل پور میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا: چترال، دیر، سوات، منگورہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بادل برسنے کی توقع ہے۔
بلوچستان: ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی اور سوئی کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر: اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، گھانچے، استور، شگر، کھرمنگ، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، کوٹلی، پونچھ اور بھمبر میں بارش کا الرٹ ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 13 سے 15 جون کے دوران شمالی علاقہ جات میں پگھلتے ہوئے گلیشیئرز اور بارشوں کے باعث گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF)، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں شدید اضافے کا خطرہ ہے۔
حساس وادیاں: ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، استور، دیامر، اپر و لوئر چترال، سوات، کالام اور بحرین جیسی حساس وادیوں میں مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
شاہراہوں کی بندش کا خدشہ اور حکومتی ہدایات:
بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اہم رابطہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
متاثرہ شاہراہیں: قراقرم ہائی وے، ناران روڈ، جگلوٹ-اسکردو روڈ، شگر ویلی روڈ اور دیوسائی روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستے بند ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سمیت متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
عوام اور سیاحوں کے لیے اہم پیغام: این ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال لازمی چیک کریں۔ عوام کو بروقت معلومات اور الرٹس حاصل کرنے کے لیے این ڈی ایم اے کی آفیشل موبائل ایپ ’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔