معاہدے پر کل ایران کیساتھ دستخط ہوں گے، آبنائے ہرمز بھی کھلے گی،ٹرمپ کا اعلان
نئے معاہدے میں ایران کو کوئی مالی ادائیگی شامل نہیں ہوگی۔ایران کے باقی ماندہ جوہری ڈھانچے کو مستقبل میں نشانہ بنانے کا امکان بھی موجود ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ایک نئے معاہدے پر دستخط ہونے کے قریب ہیں اور معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز تمام جہازوں کے لیے دوبارہ کھول دی جائے گی۔
گلف نیوز کے مطابق ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ معاہدے پر اتوار کو دستخط متوقع ہیں۔ انہوں نے اس مجوزہ سمجھوتے کو “جوہری ہتھیاروں سے پاک دیوار” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد ایران کو کسی بھی راستے سے جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔
ٹرمپ نے سابق امریکی صدر براک اوباما کے دور میں ہونے والے 2015 کے جوہری معاہدے (جے سی پی او اے) پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے نے ایران کو جوہری صلاحیت کے حصول کے لیے “آسان راستہ” فراہم کیا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق نئے معاہدے میں ایران کو کوئی مالی ادائیگی شامل نہیں ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دستخط کے فوراً بعد آبنائے ہرمز کا آبی راستہ دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ ان کے بقول، ایران کے باقی ماندہ جوہری ڈھانچے کو مستقبل میں نشانہ بنانے کا امکان بھی موجود ہے۔
ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ امریکہ اور ایران کے تعلقات ماضی کے مقابلے میں بہتر ہو سکتے ہیں اور حالات سازگار ہونے پر وہ تہران کے دورے پر بھی جا سکتے ہیں۔