آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کا شیڈول جاری

6 اور 7 جولائی کو تہران اور قم میں مزید مذہبی اجتماعات اور نماز جنازہ کی تقاریب ہوں گی

June 13, 2026 · بام دنیا

ایران میں سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق مختلف شہروں میں تعزیتی اجتماعات اور نماز جنازہ کی تقاریب منعقد ہوں گی۔

سرکاری میڈیا رپورٹس کے مطابق آخری رسومات کا آغاز 4 جولائی کو تہران سے ہوگا، جہاں ابتدائی تعزیتی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ اس کے بعد 6 اور 7 جولائی کو تہران اور قم میں مزید مذہبی اجتماعات اور نماز جنازہ کی تقاریب ہوں گی، جبکہ سلسلہ 9 جولائی کو مشہد میں تدفین کے ساتھ مکمل ہوگا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں سیکیورٹی اور سیاسی حالات کے باعث تدفین کے شیڈول میں تاخیر ہوئی تھی، تاہم اب مرحلہ وار رسومات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

آیت اللہ علی خامنہ ای نے طویل عرصے تک ایران کی قیادت کی اور ملک کی داخلی و خارجی پالیسیوں میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے دورِ قیادت کو ایران کی سیاسی اور علاقائی حکمتِ عملی کے ایک اہم دور کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی وفات کے بعد قیادت کی ذمہ داریاں نئے انتظامی ڈھانچے کے تحت منتقل کی گئی ہیں، جبکہ ریاستی سطح پر مختلف تقاریب کے ذریعے ان کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔