اسحاق ڈار۔ سعودی وزیر خارجہ کا رابطہ۔پاکستانی امن کی کوششوں کو سراہا
خطے کی صورتحال اور امریکہ و ایران کے درمیان جاری مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی صورتحال اور امریکہ و ایران کے درمیان جاری مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے امریکہ اور ایران کے درمیان پیش رفت کو خطے کے امن و استحکام کے لیے مثبت اور اہم قرار دیا۔ سعودی وزیر خارجہ نے مذاکراتی عمل میں پاکستان کی سفارتی کاوشوں اور تعمیری کردار کو سراہا۔
گفتگو کے دوران دونوں ممالک نے امید ظاہر کی کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری رابطے اور مفاہمت خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔
دریں اثنا نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکراتی رابطوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس عمل کے مثبت اور جلد نتائج برآمد ہونے کی امید کا اظہار کیا۔