آسٹریلیا کا امریکہ۔ایران معاہدے کا خیرمقدم۔ دیرپا امن پر زور
پاکستان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں، آسٹریلوی ہائی کمشنر کا اعتراف
آسٹریلیا کی حکومت نے امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے “پائیدار اور دیرپا امن” کے حصول کی کوشش جاری رکھیں۔
وزیرِ اعظم انتھونی البانیز اور وزیرِ خارجہ پینی وونگ کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ کشیدگی میں مزید اضافے کو روکنے اور دیرپا معاہدے کے لیے مسلسل تحمل اور تعمیری روابط انتہائی ضروری ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ وہ اس بات پر خوش ہیں کہ امریکہ اور ایران کے معاہدے میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور بحری آمدورفت کی آزادی بحال کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے ہائی کمشنر برائے پاکستان ٹموتھی کین نے بھی اسلام آباد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدہ کرانے میں پاکستان کی “انتھک کوششیں” قابلِ تعریف ہیں۔
انہوں نے ایکس (X) پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی کوششوں نے خطے اور دنیا کے لیے انتہائی مثبت نتائج دیے ہیں۔