چکوال: بس کی موٹر سائیکل کو ٹکر، ایک ہی گاؤں کے 3 افراد جاں بحق

فخر عباس، عبدالاحد اور واجد حسین موقع پر ہی دم توڑ گئے ، لاشیں اسپتال منتقل

June 15, 2026 · قومی

چکوال: تلہ گنگ روڈ پر دھرابی کے قریب نکہ کہوٹ کے مقام پر بس اور موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا جس کے باعث موٹر سائیکل پر سوار تینوں افراد موقع پر ہی جانبر نہ ہو سکے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 44 سالہ فخر عباس ولد محمد عبدالقیوم، 21 سالہ عبدالاحد ولد تنویر حسین اور 40 سالہ واجد حسین ولد عبدالعزیز شامل ہیں۔

جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کا تعلق ضلع چکوال کے گاؤں لکھوال سے تھا۔ ریسکیو حکام کے مطابق تینوں افراد کے سروں پر شدید چوٹیں آئیں جو ان کی موت کا سبب بنیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور ضروری کارروائی کے بعد جاں بحق افراد کی لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال چکوال منتقل کر دیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی جو قانونی کارروائی میں مصروف ہے۔