مظفرآباد میں احتجاج کرنے والی متعدد خواتین گرفتار

خواتین کو مبینہ طور پر پاکستان کے خلاف نعرہ بازی کرنے اور حکومت مخالف نعرے لگانے کے الزام میں گرفتار ہے ، پولیس

June 15, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مظفرآباد: پولیس نے احتجاجی مظاہرہ کرنے والی متعدد خواتین کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ہونے والی ان خواتین کو مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق دو درجن کے قریب خواتین اور بچے نلوچھی چوک میں جمع ہوئے اور مظاہرہ کرنا شروع کردیا جس پر پولیس نے انھیں پکڑ کر گاڑیوں میں ڈالا اور تھانوں میں منتقل کردیا۔

پولیس سربراہ ملک لیاقت اعوان نے دعویٰ کیا کہ حراست میں لی جانے والی خواتین ایک ایجنڈے کے تحت جمع ہوئی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان خواتین کو مبینہ طور پر پاکستان کے خلاف نعرہ بازی کرنے اور حکومت مخالف نعرے لگانے کے الزام میں گرفتار ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’جہاں پر خواتین جمع ہوئیں وہاں پر ضلعی انتظامیہ کے افسر بھی موجود تھے اور ان خواتین نے ان کو بتایا کہ وہ بازار اور دوکانیں نہ کھلنے کی وجہ سے شدید پرشان ہیں اور وہ ان دکانوں کے کھلنے کے حق میں مظاہرہ کرنا چاہتی ہیں۔‘

آئی جی کا کہنا تھا کہ کچھ دیر تو ان خواتین نے دکانیں کھولنے کے حق میں نعرے لگائے اور پھر کچھ دیر کے بعد انھوں نے مبینہ طور پر حکومت مخالف اور پاکستان کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔‘

انھوں نے الزام عائد کیا کہ کالعدم قرار دی گئی تنظیم جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ایجنڈے میں شامل ہے کہ اب وہ اپنے مطابات منوانے کے لیے خواتین اور بچوں کو سامنے لائیں گے اور ان خواتین کا مظاہرہ اسی ایجنڈے کی ایک کڑی ہے۔