اسلام آباد : گھریلو ناچاقی 2 خواتین کی جان لے گئی

سابق سب انسپکٹرنے بیوی کو پستول سے نشانہ بنایا، دوسرے واقعے میں شوہر نے اہلیہ کو تیز دار آلے سے قتل کیا۔

June 15, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وقاص منیر چوہدری

وفاقی دارالحکومت میں گھریلو ناچاقی دو خواتین کی جان لے گئی، وفاقی پولیس کے سابق سب انسپکٹر سمیت 2 افراد نے مبینہ طور پر اپنی اپنی بیویوں کو قتل کر دیا۔ ایک واقعے میں سابق پولیس اہلکار کو آلۂ قتل سمیت موقع سے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دوسرے واقعے میں بیوی کے قتل میں ملوث شوہر واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

لرزہ خیز واقعات نے شہر بھر میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔اسلام آباد کے علاقے غوری ٹاؤن فیز 7 میں گھریلو تنازع کے نتیجے میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں اسلام آباد پولیس سے ریٹائرڈ سب انسپکٹر طارق نے پر اپنی اہلیہ کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ 15 جون 2026 کو غوری ٹاؤن فیز 7، اسٹریٹ نمبر 13، اکبر آرکیڈ، ہاؤس نمبر 389 میں پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اسلام آباد پولیس سے تقریباً ایک سال قبل ریٹائرڈ ہونے والے سب انسپکٹر طارق اور ان کی اہلیہ کے درمیان گھریلو معاملات پر تنازع چل رہا تھا۔ مبینہ طور پر تلخ کلامی کے دوران طارق نے طیش میں آ کر پستول سے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ان کی اہلیہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔

واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم طارق کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کر لیا۔ بعد ازاں ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے تھانہ کورال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب اسلام آباد کے پوش سیکٹر E-11/2 میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر شوہر نے اپنی اہلیہ کو تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا.

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ تھانہ شالیمار کی حدود میں واقع کارساز ٹاور کے فلیٹ نمبر 301 میں پیش آیا۔ مقتولہ کی شناخت مریم عرف ماہ نور زوجہ مزمل، سکنہ خانیوال کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنے شوہر کے ہمراہ مذکورہ فلیٹ میں رہائش پذیر تھی۔

پولیس کے مطابق جھگڑے کے دوران ملزم مزمل نے مبینہ طور پر تیز دھار آلے سے اپنی اہلیہ پر حملہ کیا اور اس کا گلا کاٹ دیا، جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین پر مشتمل ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور مختلف زاویوں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد قتل کی وجہ گھریلو ناچاقی اور ازدواجی تنازع کو ظاہر کرتے ہیں، تاہم حتمی رائے مکمل تفتیش اور فرانزک رپورٹس موصول ہونے کے بعد ہی قائم کی جائے گی۔ واقعے کے فوراً بعد ملزم مزمل فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔