معاہدے پر اسرائیلی ردِعمل اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم فاتح رہے ، صدر مسعود پزشکیان

امریکہ کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ اگر صحیح طریقے سے نافذ ہو گیا تو یہ ایران کے لیے ایک ’باعزت دستاویز‘ کے طور پر دیکھا جائے گا: ایرانی صدر

June 15, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران فاتح بن کر سامنے آیا ہے۔

تہران میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےصدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اس معاہدے پر اسرائیلی ردِعمل اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم فاتح رہے ہیں۔ ایران، امریکہ مفاہمتی یادداشت خطے اور ایران کی مزاحمتی قوتوں کیلئے باعزت دستاویز ہے۔معاہدے کے مختصر حصے میں معمولی اختلافات موجود تھے۔

صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ’امریکہ کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ اگر صحیح طریقے سے نافذ ہو گیا تو یہ ایران کے لیے ایک ’باعزت دستاویز‘ کے طور پر دیکھا جائے گا۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے آئی آر آئی بی اور نیم سرکاری خبر رساں ادارے فارس کے مطابق صدر پزشکیان نے معاہدے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کی اہمیت پر زور دیا۔

فارس نیوز ایجنسی کے مطابق مسعود پزشکیان نے یہ بھی کہا کہ سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے 90 فیصد ارکان نے اس معاہدے کے حق میں ووٹ دیا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ’معاہدے کی تفصیلات مناسب وقت پر منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی اور اس حوالے سے مزید اقدامات بعد میں طے کیے جائیں گے۔

ایرانی صدر کے بیان کو معاہدے کے حق میں ملکی قیادت کی مضبوط حمایت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ ایران اور امریکہ کے درمیان آئندہ مذاکرات میں جوہری پروگرام، پابندیوں کے خاتمے اور دیگر اہم معاملات پر بات چیت متوقع ہے۔