ایران کا اسرائیل سے جنوبی لبنان کے مقبوضہ علاقوں سے فوری انخلا کا مطالبہ
ایران نے امریکہ کو اپنی شرائط پر مذاکرات پر مجبور کیا، ابراہیم عزیزی
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ اسرائیل کو جنوبی لبنان کے زیر قبضہ علاقوں سے نکلنا ہوگا اور متاثرہ لبنانی شہریوں کی اپنے گھروں کو باعزت واپسی یقینی بنائی جانی چاہیے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق محمد باقر قالیباف نے اپنے لبنانی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران خطے کی صورتحال اور مفاہمتی یادداشت پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ معاہدے میں کیے گئے وعدوں اور نکات پر مکمل عملدرآمد ناگزیر ہے۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا کہ ایران کے خلاف یکطرفہ فیصلے مسلط کرنے کا زمانہ گزر چکا ہے۔ ان کے بقول ایران نے اپنی پوزیشن کی مضبوطی کے باعث امریکا کو اپنی شرائط کے تحت مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کو لبنان کے خلاف جنگ کے خاتمے سے متعلق اپنے وعدوں کی پاسداری اور مفاہمتی یادداشت کے تمام نکات پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی خلاف ورزی یا وعدہ شکنی کی صورت میں مناسب اور بھرپور ردعمل دیا جائے گا۔