چین کا ایران امریکہ کے درمیان امن معاہدے کا خیرمقدم
سی پیک ٹو اور علاقائی تعاون کے فروغ پر پاکستان چین مشاورت جاری رکھنے پر متفق
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کا خیرمقدم کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس پیش رفت کو خطے میں پائیدار امن و استحکام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی فعال سفارتی کوششوں اور ثالثی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے ایران اور امریکا کے درمیان مستقبل میں پائیدار روابط کے امکانات بہتر ہوئے ہیں۔
انہوں نے بین الاقوامی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان کی کوششوں کی حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا اور علاقائی استحکام میں بیجنگ کے کردار کو اہم قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے مفاہمت کو عملی شکل دینے اور بات چیت کے تسلسل پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی معیشت، توانائی اور بین الاقوامی تجارت کے لیے آبنائے ہرمز کی کشادگی انتہائی اہم ہے۔
ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورۂ چین پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اسحاق ڈار نے سی پیک ٹو اور دوطرفہ اقتصادی و سرمایہ کاری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں فریقین نے آئندہ بھی قریبی رابطے اور علاقائی و دوطرفہ امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔