برطانوی وزیر اعظم سر کیئر سٹارمر کا مستعفی ہونے کا اعلان
حکمران جماعت لیبر پارٹی کی قیادت بھی چھوڑ دی
برطانوی وزیر اعظم سر کیئر سٹارمر نے اعلان کیا ہے کہ وہ ملک کی حکمراں جماعت لیبر پارٹی کی قیادت اور وزارت اعظمیٰ سے مستعفی ہو رہے ہیں۔
کیئر سٹامر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ رواں برس مئی میں برطانیہ میں ہونے والے مقامی کونسلز کے انتخابات کے نتائج کے بعد زور پکڑ گیا تھا۔
ان نتائج نے برطانوی سیاست کو لڑکھڑا دیا تھا اور ملک کی حکمران لیبر پارٹی تیسرے نمبر پر رہی تھی۔
انتخابات میں مایوس کن کارکردگی کے باوجود کیئر سٹامر نے اس وقت مستعفی ہونے کے مطالبے کو مسترد کر دیا تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا تھا کہ ’میں ملک کو افراتفری کی صورتحال میں چھوڑ کر نہیں جاؤں گا اور اپنی پانچ سالہ مدت پوری کروں گا۔
تاہم گذشتہ ہفتے میکر فیلڈ کے ضمنی انتخاب میں لیبر پارٹی میں ان کے حریف اور مانچسٹر کے سابق میئر اینڈی برنہم کی کامیابی کے بعد سٹامر پر مستعفی ہونے کا دباؤ بڑھتا جا رہا تھا۔
ہفتے کے اختتام پر لیبر پارٹی کے سیاستدان بڑی حد تک خاموش رہے جس کے باعث وزیرِ اعظم کو اپنے سیاسی مستقبل پر غور کرنے کا موقع ملا۔
یہ واضح نہیں کہ اقتدار کی منتقلی کا عمل چند ہفتوں پر محیط ہو گا یا کئی ماہ تک جاری رہے گا۔ اگرچہ قیادت کے انتخاب کا مقابلہ ممکن ہے لیکن اب بلا مقابلہ تقرری کا امکان بڑھتا جا رہا ہے جس سے غالباً برنہم فائدہ اٹھائیں گے۔