خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں گردوں کے مفت ٹرانسپلانٹ کا آغاز

اس کامیاب آپریشن میں دو بھائیوں نے حصہ لیا، جہاں ایک بھائی نے اپنا گردہ کا عطیہ دے کر دوسرے بھائی کو نئی زندگی بخشی

June 22, 2026 · قومی

پشاور:خیبر پختونخوا کی عوام کے لیے صحت کے شعبے میں ایک تاریخی اور اہم پیش رفت۔ وزیراعلیٰ اور وزیر صحت خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایات اور عوام دوست وژن کے تحت خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں مفت گردہ ٹرانسپلانٹ سروسز کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پہلا کامیاب گردہ ٹرانسپلانٹ 14 جون 2026 کو کر دیا گیا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اس کامیاب آپریشن میں دو بھائیوں نے حصہ لیا، جہاں ایک بھائی نے اپنا گردہ کا عطیہ دے کر دوسرے بھائی کو نئی زندگی بخشی۔

کے ٹی ایچ کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کی انتھک محنت اور جدید طبی سہولیات کی بدولت مریض اور ڈونر دونوں مکمل طور پر صحت یاب ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پراجیکٹ ڈائیریکٹر ، ڈین خیبر میڈیکل کالج و خیبر ٹیچنگ ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے اس تاریخی کامیابی پر پوری ٹرانسپلانٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف خیبر ٹیچنگ ہسپتال بلکہ پورے صوبے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے حکومت خیبر پختونخوا اور بالخصوص وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مفت اور معیاری علاج کی فراہمی حکومت کے عزم کا مظہر ہے اور گردہ ٹرانسپلانٹ پروگرام صوبے کی عوام کے لیے ایک امید کی کرن ہے

ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر شاہد خان نے بتایا کہ مریض چند ماہ قبل گردوں کی شدید خرابی اور متعدد طبی پیچیدگیوں کے ساتھ ہسپتال آیا تھا۔ تفصیلی معائنے اور طبی جانچ کے بعد گردہ ٹرانسپلانٹ تجویز کیا گیا۔ مریض کے حقیقی بھائی نے گردہ عطیہ کرنے کی رضامندی ظاہر کی،جس کے بعد تمام ضروری ٹیسٹوں اور کراس میچنگ کے بعد ٹرانسپلانٹ کامیابی سے مکمل ہوا اور مریض تیزی سے صحت یاب ہو رہا ہے۔مریض اور ڈونر نے حکومت خیبر پختونخوا، خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ، ڈاکٹروں، نرسوں اور پوری ٹرانسپلانٹ ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہترین علاج کے باعث دونوں بھائیوں کو ایک نئی زندگی ملی ہے

خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر اویس نعیم اور ڈاکٹر سجاد داوڈ نے کہا کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں مفت گردہ ٹرانسپلانٹ سروسز کا آغاز صوبے کے ہزاروں گردوں کے مریضوں کے لیے امید کی ایک نئی کرن ثابت ہوگا، جو اب اپنے ہی صوبے میں جدید، محفوظ اور مفت علاج کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔۔

یہ سنگِ میل کامیابی خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز، ہسپتال انتظامیہ، ٹرانسپلانٹ ٹیم اور متعلقہ شعبوں کی مسلسل محنت، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، جنہوں نے خیبر پختونخوا میں اعضاء کی پیوندکاری کے شعبے میں ایک نئے باب کا آغاز کیا۔