کراچی میں گیسٹرو کے مریضوں میں اضافہ۔ اسپتالوں میں رش
ماہرین کا شہریوں کو صاف اور تازہ غذا استعمال کرنے کا مشورہ
کراچی میں گیسٹرو اور اسہال کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث مختلف سرکاری اسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈز میں مریضوں کا رش بڑھ گیا ہے۔
سول اسپتال کراچی کے ڈاکٹر عمران سرور کے مطابق روزانہ 200 سے زائد مریض پیٹ کے امراض اور ڈائریا کی شکایت کے ساتھ اسپتال پہنچ رہے ہیں۔
اسی طرح جناح اسپتال کے ڈاکٹر عرفان نے بتایا کہ وہاں بھی روزانہ گیسٹرو اور اسہال کے مریضوں کی تعداد 150 سے زیادہ ہو چکی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری بڑی تعداد میں پیٹ درد، الٹی، متلی اور لوز موشن جیسی شکایات کے ساتھ اسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ غیر معیاری اور آلودہ کھانے گیسٹرو کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ بن رہے ہیں۔ خاص طور پر فریزر میں رکھا گیا گوشت اگر صحیح طریقے سے نہ پکایا جائے تو یہ بھی معدے کے مسائل پیدا کر سکتا ہے۔
انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ تازہ اور صاف کھانے استعمال کریں، کھانے کو ڈھانپ کر رکھیں اور اسے مناسب درجۂ حرارت پر محفوظ کریں تاکہ بیماریوں سے بچا جا سکے۔