سوئٹزرلینڈ مذاکرات۔پابندیوں کے خاتمے اور تعمیر نو کے لیے ورکنگ گروپس قائم

ایران، امریکہ مذاکرات میں جوہری اور معاشی امور پر پیش رفت

June 23, 2026 · بام دنیا

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں امریکہ کے ساتھ جاری تکنیکی مذاکرات میں فریقوں نے جوہری مسائل اور پابندیوں سے نمٹنے کے لیے ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز اعلیٰ سطحی مذاکرات کے بعد اعلیٰ ایرانی اور امریکی حکام سوئٹزرلینڈ سے روانہ ہو گئے تھے لیکن دونوں ملکوں کے وفود نے پیر کو تکنیکی سطح پر بات چیت جاری رکھی۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ مذاکرات کاروں نے چار ورکنگ گروپس بنانے کا فیصلہ کیا جس میں ’پابندیوں میں نرمی، جوہری معاملات، اقتصادی تعمیر نو اور مانیٹرنگ اور نفاذ‘ شامل ہیں۔

کاظم غریب آبادی کے مطابق یہ ورکنگ گروپس معاہدے کی تکنیکی تفصیلات پر عملدرآمد اور مختلف شعبوں میں جاری مذاکرات کے ذمہ دار ہوں گے۔