کراچی ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، 55 ہزار سے زائد امریکی ڈالر برآمد

اہم کارروائی، دو مسافر آف لوڈ، کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی ضبط۔

October 3, 2026 · اہم خبریں
کراچی ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی کے دوران برآمد کیے گئے امریکی ڈالر

کراچی ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی کے دوران برآمد کیے گئے امریکی ڈالر

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر کارروائی کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات جانے والے 2 مسافروں کے قبضے سے 55 ہزار 100 امریکی ڈالر برآمد کر لیے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ رقم مبینہ طور پر غیر رسمی اور غیر مجاز ذرائع سے پاکستان سے باہر منتقل کی جا رہی تھی۔

ابتدائی تفتیش کے دوران سامنے آنے والی معلومات کے مطابق دونوں مسافر محمد عابد اور باسط نوایر درست پاکستانی پاسپورٹ اور متحدہ عرب امارات کے ویزوں پر سفر کر رہے تھے۔ ایئرپورٹ پر امیگریشن کے دوران دونوں کو مزید تصدیق کے لیے روکا گیا جہاں تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں غیر ملکی کرنسی ملی، تاہم وہ اس کی خریداری سے متعلق کوئی قانونی ایکسچینج رسید پیش کرنے میں ناکام رہے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم محمد عابد کے قبضے سے 5 ہزار جبکہ باسط نوایر کے قبضے سے 15 ہزار 100 امریکی ڈالر برآمد ہوئے۔ بعد ازاں باسط نوایر کی نشاندہی پر اس کی رہائش گاہ سے مزید 30 ہزار امریکی ڈالر برآمد کیے گئے، جس کے بعد اس کیس میں کل برآمد شدہ امریکی ڈالر کی تعداد 55 ہزار 100 ہو گئی ہے جن کی مالیت تقریباً 1.5 کروڑ پاکستانی روپے بنتی ہے۔

دوران تفتیش مسافروں کے موبائل فونز کا جائزہ بھی لیا گیا جس سے مالی لین دین اور مبینہ غیر مجاز رقوم کی منتقلی کے شواہد ملے ہیں۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق دونوں مسافروں کو آف لوڈ کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔