روسی صدر ولادیمیر پیوٹن شینزن پہنچ گئے، شی جن پنگ سے ملاقات
اہم دورہ، اے پیک اجلاس میں شرکت، امریکا اور روس کے صدور کی ملاقات متوقع ہوگی،
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن شینزن پہنچ گئے، شی جن پنگ سے ملاقات
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن ایشیا بحرالکاہل اقتصادی تعاون تنظیم (APEC) کے 33ویں اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے شہر شینزن پہنچ گئے ہیں، جہاں اجلاس کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے۔ شینزن آمد کے بعد روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ امور اور باہمی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم ایک مشترکہ مقصد رکھتے ہیں اور ایشیا پیسیفک کا اصل مقصد خطے میں امن و خوشحالی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ روس اور چین اپنے عوام کے مفاد اور فائدے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ ملاقات کے بعد چینی صدر شی جن پنگ نے روسی صدر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے شینزن یونیورسٹی کا دورہ بھی کیا۔
دوسری جانب چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے نائب وزیر ما ہوئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس، چین اور امریکہ کے درمیان سہ فریقی سربراہی اجلاس کا انعقاد بذات خود ایک اہم عالمی واقعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی بڑی طاقتوں پر عالمی امن برقرار رکھنے کی خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اور اگر بڑی عالمی طاقتیں اسٹریٹجک استحکام برقرار رکھنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو یہ پوری دنیا میں امن اور ترقی کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔
کریملن کے معاون یوری اوشاکوف کے مطابق روس، چین اور امریکہ کے تینوں صدور کی اس نوعیت کی سہ فریقی ملاقات تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوگی، جو 19 نومبر کو شیڈول ہے۔ اس اہم اجلاس کی سائیڈ لائن پر عالمی رہنماؤں کی ملاقاتوں میں خطے کی سکیورٹی اور دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔