باغ سے کور ممبر افتخار محمود کا کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان
اپنے مستقبل کو کسی بھی پاکستان مخالف یا غیر آئینی سرگرمی کی نذر نہ کریں اور مثبت اور پرامن سیاست کا راستہ اختیار کریں۔
باغ: آزاد جموں و کشمیر میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو ایک اور بڑا دھچکا اس وقت لگا جب باغ سے تعلق رکھنے والے کور ممبر افتخار محمود نے تنظیم سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
افتخار محمود نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ بطور کور ممبر اور چیئرمین آل آزاد کشمیر انجمن تاجران اس تنظیم کی سرگرمیوں سے مکمل اختلاف رکھتے ہیں اور ان سے کسی بھی سطح پر کوئی تعلق نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر نے پرامن تحریک کے اصل مقصد کو تبدیل کر کے اسے پاکستان اور کشمیر کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کیا ہے۔ ان کے مطابق ایسے عناصر تنظیم کے پلیٹ فارم کو پاکستان مخالف پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کوبڑا جھٹکا،باغ سے کور ممبر افتخار محمود کا لاتعلقی کا اعلان
بیرونی ایماء پر آزاد جموں و کشمیر میں افراتفری اور قتل وغارت پھیلانے والی انتشاری کمیٹی سے اپنے ارکان بھی لاتعلقی کا اعلان کررہے ہیں
کور ممبر افتخار محمود کی ویڈیو پیغام میں کالعدم کمیٹی کے… pic.twitter.com/srMzNHiZJa— PTV News (@PTVNewsOfficial) June 23, 2026
افتخار محمود نے واضح کیا کہ وہ ریاست پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی سرگرمی، آواز یا علیحدگی پسند تنظیم سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے مستقبل کو غیر قانونی یا پاکستان مخالف سرگرمیوں کی نذر نہ کریں اور مثبت، پرامن اور تعمیری سیاست کا راستہ اختیار کریں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کور ممبران انجم زمان اور امجد علی خان ایڈووکیٹ اسی تنظیم سے علیحدگی کا اعلان کر چکے ہیں، جس کے بعد تنظیم کے اندرونی اختلافات مزید نمایاں ہو گئے ہیں