ایرانی صدر مسعود پزشکیان پاکستان کے ایک روزہ دورے پر تہران سے روانہ

دورے کا مقصد پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششوں کو سراہنا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

June 23, 2026 · اہم خبریں

ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان پاکستان کے ایک روزہ سرکاری دورے کے لیے تہران سے روانہ ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس دورے کا مقصد پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششوں کو سراہنا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق ایرانی صدر اپنے دورے کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس دورے میں پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، توانائی، سرحدی تعاون اور عوامی روابط کو فروغ دینے پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔

ترجمان کے مطابق مذاکرات میں مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ایرانی صدر کا یہ بطور صدر پاکستان کا دوسرا دورہ ہے، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔