خطے میں امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،چیف سیکرٹری آزاد کشمیر

بعض نوجوانوں کو ریاست کے خلاف مسلح کارروائیوں کے لیے استعمال کیا گیا اور شرپسند عناصر خطے کے امن کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

June 23, 2026 · اہم خبریں, قومی

مظفرآباد: چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر نے کہا ہے کہ خطے میں امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی صورت قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا۔

آئی جی پولیس آزاد کشمیر لیاقت علی ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں سے ریاست میں امن و امان متاثر ہوا، اور ایسے بیانات سامنے آئے جن میں اسلام آباد تک مارچ اور طاقت کے استعمال کی بات کی گئی۔ ان کے مطابق بعض عناصر کی جانب سے اسلحہ کی ترسیل کے بھی شواہد موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوامی ریلیف کے لیے اقدامات کیے، جن میں ایڈوانس انکم ٹیکس کے خاتمے اور مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے 20 سے 25 ارب روپے کی معاونت شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹے اور بجلی کی قیمتوں سے متعلق عوامی ریلیف کے باوجود بعض حلقوں نے احتجاج کا راستہ اختیار کیا۔

چیف سیکرٹری کے مطابق احتجاجی صورتحال میں بعض مقامات پر تشدد اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا، ٹرانسپورٹ کو آگ لگانے اور دیگر پرتشدد واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کئی مطالبات پر عمل کیا، تاہم بعض غیر قانونی سرگرمیوں کے باعث صورتحال بگڑتی گئی۔

اس موقع پر آئی جی پولیس لیاقت علی ملک نے کہا کہ بعض نوجوانوں کو ریاست کے خلاف مسلح کارروائیوں کے لیے استعمال کیا گیا اور شرپسند عناصر خطے کے امن کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ قانون کی عملداری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 572 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے واقعات بھی پیش آئے، جن میں اہلکار شہید اور زخمی ہوئے۔

آئی جی پولیس نے کہا کہ بعض گروہوں کی جانب سے سرکاری اہلکاروں کو نشانہ بنانے اور حساس مقامات پر پرتشدد کارروائیوں کی کوششیں کی گئیں، تاہم ریاستی ادارے صورتحال پر مکمل قابو پانے کے لیے متحرک ہیں۔