سرگودھا: 7سالہ بچی سے زیادتی و قتل کرنے والا مرکزی ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک
معصوم منتہا کو نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد سرگودھا کے مرکزی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
لصویر : سوشل میڈیا
سرگودھا: 7سالہ بچی کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی اور پھر اسے بے دردی سے قتل کرنے والے مرکزی ملزم ارسلان کو پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران ہلاک کر دیا ۔
دوسری جماعت میں پڑھنے والی ننھی منتہا گزشتہ روز قبل اپنے گھر سے قریبی دکان پر کھانے پینے کی کوئی چیز لینے کے لیے نکلی تھی لیکن پھر واپس نہیں آئی۔ اہل خانہ کے مطابق جب بچی دکان سے لاپتا ہوئی تو انہوں نے اس کی تلاش شروع کی، جس کے بعد دکان کے اوپر بنے کمرے سے اس کی بے جان لاش ملی۔اس دل دہلا دینے والے واقعے نے پورے علاقے میں کہرام مچا دیا اور شہریوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بچی کو دکان پر کام کرنے والے ملازم ورغلا کر اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈی پی او صہیب اشرف کی خصوصی ہدایت پر ایک چھ رکنی تفتیشی ٹیم بنائی گئی تھی جس نے ملزم کی تلاش کے لیے مختلف جگہوں پر چھاپے مارنے شروع کیے۔
اسی دوران پولیس نے دکان کے مالک حنیف، اس کے بیٹے اور دیگر مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش کا عمل شروع کیا اور ملزم ارسلان کے پرانے مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال بھی شروع کر دی گئی۔تاہم اب پولیس کے مطابق مرکزی ملزم ایک مقابلے کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے۔
دوسری طرف مقتولہ منتہا کے والدین اپنی لاڈلی بیٹی کی ناگہانی موت پر غم سے نڈھال ہیں اور ان کے آنسو تھمنے کا نام نہیں لے رہے، جبکہ پورے علاقے کی فضا سوگوار ہے۔رات گئے معصوم منتہا کو نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد سرگودھا کے مرکزی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، جس میں شہریوں اور رشتہ داروں کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔