سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے ملزمان زبیرچریا اور رحمان بھولا جیل سےرہا

رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ نے رحمان بھولا اور زبیر چریا کے ریلیز آرڈر جاری کیے تھے

June 23, 2026 · قومی

سپریم کورٹ نے 10 جون کو سانحہ بلدیہ کیس میں ملزمان کی اپیلیں منظور کی تھیں، ماتحت عدالت نے ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی تھی

سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے ملزمان زبیر عرف چریا اور رحمان عرف بھولا کو جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔

سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل کے مطابق دونوں افراد سینٹرل جیل میں قید تھے اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں رہا کیا گیا۔

رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ نے رحمان بھولا اور زبیر چریا کے ریلیز آرڈر جاری کیے تھے جنہیں انسداد دہشت گردی عدالت اور جیل حکام کو ارسال کیا گیا۔

یاد رہے کہ 10 جون کو سپریم کورٹ میں سانحہ بلدیہ ٹاؤن کیس کی سماعت ہوئی تھی جس میں عدالت نے دونوں ملزمان کی سزائے موت کالعدم قرار دے دی تھی۔

جسٹس شہزاد ملک کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے اپیلیں منظور کرتے ہوئے ملزمان کو بری کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

دوسری جانب متاثرین اور مزدور تنظیموں نے کیس دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔