صدر آصف زرداری سے مسعود پزشکیان کی ملاقات

پاکستان اور ایران نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امن کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

June 23, 2026 · قومی
فوٹو پریس ریلیز

فوٹو پریس ریلیز

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ملاقات کی۔

اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی امن کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات بالخصوص علاقائی امن سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ملاقات میں پاک ایران دو طرفہ اور علاقائی روابط، اقتصادی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی صدر کے ہمراہ وزیر خارجہ عباس عراقچی، صدر کے دفتر کے چیف محسن حاجی میرزائی، وزیر داخلہ اسکندر مومنی، سیاسی امور کے سربراہ سعید عباس موسوی اور پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم بھی موجود تھے۔

پاکستان کی جانب سے نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیر داخلہ محسن رضا نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سینیٹ کے چیف وہپ سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم حسین بھی اجلاس میں شریک تھے۔

اس سے قبل ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان وزیر اعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔