عمان کا آبنائے ہرمز میں عارضی راستہ بنانے کا اعلان
آبنائے ہرمز میں ٹریفک آسان بنانے کے لیے عارضی روٹ تیار
عمان نے اعلان کیا کہ وہ بین الاقوامی بحری تنظیم (آئی ایم او) کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے ایک عارضی سمندری راستہ بنائے گا۔
عمان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق جو جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنا چاہتے ہیں، انھیں بین الاقوامی بحری تنظیم اور عمانی حکام کے ساتھ رابطہ کرنا ہو گا۔
یہ اعلان ایرانی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں ایرانی سفارتی وفد کے دورہ عمان کے بعد سامنے آیا۔ منگل کو ایک مشترکہ بیان میں ایران اور عمان کہہ چکے ہیں کہ وہ آبنائے ہرمز کو بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے ایک محفوظ اور کھلا بحری راستہ برقرار رکھنے کے لیے پُر عزم ہیں، جبکہ اس کے ساتھ ہی انھوں نے اس آبی گزر گاہ میں اپنی خود مختاری اور حاکمیتی حقوق پر بھی زور دیا۔
انھوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام اور اس راستے پر فراہم کی جانے والی خدمات کی لاگت کا جائزہ لینے کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی قائم کی جائے گی۔
یہ بیان مسقط میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقات کے بعد جاری کیا گیا۔
سوئٹزرلینڈ سے روانگی کے بعد ایرانی مذاکراتی وفد کے سربراہ محمد باقر قالیباف اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی عمان پہنچے تھے، جہاں انھوں نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق اور وزیر خارجہ بدر البوسعیدی سے ملاقات کی۔