لوئر دیر میں جھڑپ کے دوران 6 مطلوب دہشت گرد ہلاک

دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابی، علاقے میں سرچ آپریشن جاری

June 24, 2026 · قومی

لوئر دیر کے علاقے برچڑئی تالاش میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ کے دوران 6 مطلوب مسلح شدت پسند مارے گئے۔

پولیس کے مطابق برچڑئی پہاڑی علاقے میں ڈسٹرکٹ پولیس، ایلیٹ فورس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کی، جس میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد پولیس چیک پوسٹ پر حملے اور ایک پولیس اہلکار کے قتل سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔ مارے جانے والوں میں خلیل الرحمان، نعیم الدین اور کفایت اللہ شامل ہیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 6 کلاشنکوفیں اور 3 دستی بم بھی برآمد کیے گئے، جبکہ فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

آئی جی پولیس نے کہا کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ Mohsin Naqvi نے لوئر دیر میں کامیاب کارروائی پر خیبر پختونخوا سی ٹی ڈی اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا اور پولیس کے بہادر سپوتوں نے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، قوم کو سی ٹی ڈی اور پولیس کے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔