پاک ایران وزرائے داخلہ کی ملاقات۔ دوطرفہ تعلقات۔سرحدی سکیورٹی پر گفتگو
سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک ایران تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایران کے وزیر داخلہ ڈاکٹر اسکندر مومنی نے اہم ملاقات کی جس میں پاک ایران تعلقات، امن معاہدے کے بعد خطے کی تازہ ترین صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر اسکندر مومنی نے ایرانی صدر اور ان کے وفد کا پاکستان آمد پر بھرپور خیر مقدم کرنے پر پاکستانی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے خطے میں کشیدگی کم ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے برگن سٹاک، سوئٹزرلینڈ میں مشترکہ اعلامیہ پر ایرانی ہم منصب کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ حکومتِ ایران اور ان کی مخلصانہ کوششوں کے بغیر ممکن نہ تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ سے دنیا بھر میں امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
ایرانی وزیر داخلہ نے ایران امریکہ مذاکرات میں پاکستان کے مخلصانہ کردار اور پاکستانی قوم کے بھرپور تعاون کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا تفصیلی دورہ کریں گے تاکہ دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ کے مابین تعاون کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔ ملاقات میں سکیورٹی تعاون، انسدادِ دہشت گردی، سائبر سکیورٹی، اور امیگریشن سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ اس امن معاہدے کے خطے پر دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔اس اہم بیٹھک میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے ، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی اور ڈی جی این سی سی آئی اے بھی موجود تھے۔