کراچی کے مسائل حل نہ ہوئے تو ایکشن کمیٹی بن سکتی ہے:فاروق ستار
کوئی بھی فریق سو فیصد درست نہیں، نہ ہی حکومت کو مکمل طور پر غلط کہا جا سکتا ہے اور نہ ہی اپوزیشن کو مکمل طور پر درست قرار دیا جا سکتا ہے
اسلام آباد: ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کراچی کے مسائل پر توجہ نہ دی گئی تو شہر میں بھی ایکشن کمیٹی جیسا پلیٹ فارم تشکیل پا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی فریق سو فیصد درست نہیں، نہ ہی حکومت کو مکمل طور پر غلط کہا جا سکتا ہے اور نہ ہی اپوزیشن کو مکمل طور پر درست قرار دیا جا سکتا ہے، دونوں طرف سے غلطیاں ہوئی ہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ اگر آئین پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو رہا تو سب کو اپنے گریبان میں جھانکنا ہوگا۔ انہوں نے آئین کی مختلف شقوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان پر اکثر بات ہی نہیں کی جاتی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت قومی مفاہمت اور سیاسی ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ اگر کراچی کے مسائل کو سنجیدگی سے حل نہ کیا گیا تو نہ صرف کراچی بلکہ دیگر شہروں سے بھی ایسے مطالبات سامنے آ سکتے ہیں۔