ایران سمیت مشرقِ وسطیٰ کی فضائی حدود پر پابندی برقرار

امریکا اور ایران کے درمیان 60 روزہ مفاہمتی یادداشت کے بعد خطے میں سکیورٹی صورتحال میں کچھ بہتری ضرور آئی ہے

June 24, 2026 · بام دنیا

برسلز: یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے ایئرلائنز کو ایک نئی وارننگ جاری کرتے ہوئے ایران سمیت مشرقِ وسطیٰ کے متعدد ممالک کی فضائی حدود میں پروازوں کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

ایجنسی کے مطابق ایئرلائنز کو فی الحال ایران، عراق اور لبنان کی فضائی حدود سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، جبکہ خلیجی خطے کے دیگر ممالک میں بھی پروازوں کے دوران اضافی احتیاط ضروری ہے۔

جاری کردہ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان 60 روزہ مفاہمتی یادداشت کے بعد خطے میں سکیورٹی صورتحال میں کچھ بہتری ضرور آئی ہے، تاہم کشیدگی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی اور کسی بھی وقت حالات دوبارہ خراب ہو سکتے ہیں۔

ایوی ایشن ادارے نے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، عمان، قطر، بحرین، کویت، اردن اور اسرائیل کے فضائی آپریشنز کے حوالے سے بھی ایئرلائنز کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق خطے میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا خطرہ اب بھی موجود ہے، خاص طور پر آبنائے ہرمز کے قریب کسی بھی کشیدگی کی صورت میں فضائی اور بحری آپریشن متاثر ہو سکتے ہیں۔

یورپی ایجنسی نے ایئرلائنز پر زور دیا ہے کہ وہ سکیورٹی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں، خطرات کا باقاعدہ تجزیہ کریں اور ہنگامی صورتحال کے لیے متبادل منصوبے تیار رکھیں۔

ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ سفارتی پیش رفت کے باوجود صورتحال مکمل طور پر مستحکم نہیں ہوئی، اسی لیے بین الاقوامی ایوی ایشن ادارے احتیاطی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔