زخمی جنگلی جانوروں کا موقع پر علاج، پاکستان کا پہلا موبائل کلینک فعال

جنگلی جانوروں کو علاج کے لیے طویل فاصلے تک منتقل کرنا بعض اوقات ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے

June 25, 2026 · قومی

پنجاب حکومت نے جنگلی حیات کے تحفظ اور علاج معالجے کے شعبے میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان کا پہلا موبائل وائلڈ لائف کلینک متعارف کرا دیا ہے۔ اس جدید سہولت کا مقصد زخمی، بیمار یا ریسکیو کیے گئے جنگلی جانوروں کو ان کی موجودہ جگہ پر فوری طبی امداد فراہم کرنا ہے۔

موبائل کلینک کو جدید طبی آلات سے لیس کیا گیا ہے، جن میں پورٹیبل ایکسرے، الٹرا ساؤنڈ، ای سی جی، آکسیجن سپورٹ سسٹم، مریض کی نگرانی کے آلات اور ابتدائی لیبارٹری سہولیات شامل ہیں۔ ان سہولیات کی بدولت جانوروں کی فوری تشخیص اور ابتدائی علاج موقع پر ہی ممکن بنایا جا سکے گا۔

محکمہ جنگلی حیات کے حکام کے مطابق جنگلی جانوروں کو علاج کے لیے طویل فاصلے تک منتقل کرنا بعض اوقات ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے، اسی لیے یہ موبائل یونٹ تیار کیا گیا ہے تاکہ جانوروں کو کم سے کم دباؤ کے ساتھ طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

کلینک میں نصب بیشتر آلات پورٹیبل اور ری چارج ایبل ہیں، جس کے باعث انہیں دور دراز، پہاڑی اور صحرائی علاقوں میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ بجلی کی فراہمی کے لیے گاڑی میں متبادل توانائی کے نظام بھی نصب کیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ موبائل کلینک کو صوبے بھر میں چڑیا گھروں، سفاری پارکس، جنگلی حیات کے مراکز اور ریسکیو آپریشنز میں استعمال کیا جائے گا۔ اس اقدام سے زخمی اور بیمار جانوروں کی بروقت تشخیص اور علاج میں بہتری آئے گی جبکہ ان کی اموات کی شرح کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

محکمہ جنگلی حیات کے مطابق جدید ریسکیو مراکز اور خصوصی اسپتالوں کے ساتھ مل کر یہ منصوبہ جنگلی جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔