ایف بی آر کا ٹیکسٹائل ملوں کو کیمرے نصب کرنے کا آخری الٹی میٹم

کیمرے نصب کرنے کے اخراجات متعلقہ صنعتیں خود برداشت کریں گی۔

June 25, 2026 · قومی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکسٹائل صنعت سے وابستہ یونٹس کو نگرانی کے نظام کی تنصیب کے حوالے سے مقررہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق متعلقہ صنعتوں کو اس سلسلے میں آخری مرحلے کی تنبیہ بھی دی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق یکم جولائی سے مخصوص ٹیکسٹائل یونٹس میں نگرانی کے لیے کیمروں کی تنصیب کا عمل مکمل کرنے کی شرط عائد کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کیمرے نصب کرنے کے اخراجات متعلقہ صنعتیں خود برداشت کریں گی۔

ذرائع کے مطابق مقررہ ضوابط پر عمل نہ کرنے والے یونٹس کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جا سکتی ہے۔ اس اقدام کا مقصد صنعتی سرگرمیوں کی نگرانی اور دستاویزی نظام کو مزید مؤثر بنانا بتایا جا رہا ہے۔

ایف بی آر اس سے قبل شوگر، سیمنٹ اور کھاد کے شعبوں میں بھی نگرانی کے جدید نظام متعارف کرا چکا ہے، جبکہ اب ٹیکسٹائل سیکٹر کو بھی اس نظام کے دائرہ کار میں لایا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق نئے اقدامات سے شفافیت میں اضافہ، ریکارڈ کی بہتر نگرانی اور ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔